کولگام تصادم میں دو جنگجو جاں بحق، فوجی اہلکار زخمی : دفاعی ترجمان

یو این آئی

کولگام//فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع کولگام کے آہٹو گاوں میں دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی بھی زخمی ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملی ٹینٹوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی خاطر گیس سلنڈروں سے بھرے گودام پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے تاہم سلامتی عملے نے وقت رہتے آگ پر قابو پایا۔
دفاعی ترجمان نے آہٹو کولگام تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
ان کے مطابق جوابی کارروائی شروع کرنے سے قبل آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا گیا جس کے بعد رہائشی مکان میں محصور جنگجووں کو خود سپردگی کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں ایک فوجی زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر فوجی ہسپتال منتقل کرناپڑا۔
انہوں نے کہا کہ جنگجووں نے راہ فرار اختیار کرنے کی خاطر پاس ہی موجود گیس گودام پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گیس گودام میں لگی آگ پر قابو پایا گیا۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی بعد میں شناخت محمد شفیع گنائی ساکن بٹہ پورہ کولگام اور محمد آصف وانی عرف یاور ساکن تکیہ گوپال پورہ کولگام کے بطور ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹ جیش سے وابستہ تھے۔