بانڈی پورہ میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو لائن مین زخمی

File Photo

بانڈی پورہ// کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے دو لائن مین اتوار کی دیر شام شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں پنزیگام رسیونگ سٹیشن پر بجلی کا کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ دونوں رسیونگ سٹیشن پر ہائی وولٹیج بجلی لائن کی مرمت کے دوران کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
عہدیدار نے بتایا، ”زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ لے جایا گیا“۔
ہسپتال میں موجود ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ دونوں کو کرنٹ لگنے سے جھلسنے کے زخموں کے ساتھ لایا گیا تھا اور ابتدائی علاج کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے سری نگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر نے زخمیوں کی شناخت ملنگم کے رہائشی فاروق احمد اور قاضی پورہ کے رہائشی عاشق حسین کے طور پر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی حالت مستحکم ہے۔
دریں اثنائ، پولیس نے واقع کا نوٹس لے لیا ہے۔