پلوامہ//جنوبی ضلع شوپیاں کے حرمین گاوں میں ملی ٹینٹوں نے درمیانی شب غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اُتر پردیش سے تعلق رکھنے والے 2غیر مقامی مزدور برسر موقع ہی از جان ہوئے۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے اس رہائشی مکان پر گرینیڈ پھینکا جس میں یہ مزدور رہائش پذیر تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں دو غیر مقامی مزدورزخمی ہوئے، جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
حملے میں مارے گئے مزدوروں کی شناخت منیش کمار اور رام ساگر کے بطور ہوئی ہے جو کہ کنوج اتر پردیش کے رہنے والے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کر کے بتایا،”جنگجووں نے حرمین شوپیان میں ہینڈ گرنیڈ پھینکا جس میں کنوج یوپی کے دو مزدور منیش کمار اور رام ساگر، زخمی ہوئے۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا”۔
دریں اثنا، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ گرینیڈ حملہ کرنے والے ایک ہائبرڈ جنگجو کو گرفتار کیا گیا ہے اس کے علاوہ مزید تفتیش اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اے ڈی جی کشمیر کا حوالے سے کشمیر زون پولیس نے ایک اور ٹویٹ میں کہا،” حرمین شوپیاں میں کالعدم عسکری تنظیم لشکر طیبہ کا ہائبرڈجنگجو عمران بشیر گنائی جس نے گرینیڈ حملہ کیا تھا،شوپیاں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ مزید تفتیش اور چھاپے جاری ہیں”۔
قبل ازیں ہفتہ کو شوپیاں کے چوندھری گنڈ علاقے میں مشتبہ جنگجووں کے حملے میں ایک کشمیری پنڈت پورن کرشن مارا گیا تھا۔
شوپیاں میں گرینیڈ حملہ، دو غیر مقامی مزدور ہلاک
