عظمیٰ ویب ڈیسک
سانبہ// جموں صوبہ کے ضلع سانبہ میں جمعرات کو پل کی تعمیر کے دوران مٹی تلے دب جانے سے دو مزدور جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 دیگر کو بچا لیا گیا۔
حکام کے مطابق، دہلی-امرتسر-کٹرہ ایکسپریس وے کی تعمیر میں مصروف چھ مزدور دیوَک دریا پر پل کی تعمیر کے لیے ایک گہرے گڑھے میں کام کر رہے تھے، جب اچانک مٹی کا ایک بڑا تودہ ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (NDRF) اور سٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کی ٹیموں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ دو گھنٹے کی سخت کوششوں کے بعد چار مزدوروں کو مٹی سے نکال لیا گیا، جبکہ باقی دو کو بچانے کے لیے بھاری مشینری کو استعمال میں لایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راجیش شرما اور سانبہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وِنَے کمار شرما موقع پر موجود تھے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق، چار مزدوروں کی حالت مستحکم ہے جبکہ دو زخمی مزدور جنہیں علاج کے لیے جموں کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق مزدوروں کی شناخت سوین کمار (بہار) اور لال سنگھ (ریاسی) کے طور پر ہوئی ہے۔