عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اتوار کے روز کٹھوعہ-بسوہلی سڑک پر کینٹہ موڑ کے نزدیک پیش آیا جب ایک نجی گاڑی بے قابو ہوکر نالے میں جاگری۔سرکاری ذرائع کے مطابق حادثہ تقریباً 12 بجکر 40 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس چوکی بسنت پور کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں مقامی افراد کی مدد سے گاڑی میں سوار افراد کو نالے سے نکال کر فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے دو افراد، جن کی شناخت مہندر پال اور پون مدن کے طور پر ہوئی ہے، کو مردہ قرار دیا۔ تین دیگر زخمی، جو فرید کوٹ پنجاب کے علاقے فیروزپور کے رہائشی ہیں، زیر علاج ہیں اور ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔پولیس نے اس افسوسناک حادثے کے سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کٹھوعہ میں سڑک حادثہ، دو افراد ہلاک، تین شدید زخمی
