عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے پومبئی علاقے میں ایک سیب سے لدے کنٹینر کے الٹنے سے دو افراد کی موت واقع ہو گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک اے سی کنٹینر ٹرک (رجسٹریشن نمبر JK03P-0505)، جو سیب سے لدا ہوا تھا، پومبئی گاؤں کی سڑک پر الٹ گیا۔ ٹرک میں کل چار افراد سوار تھے، جن میں سے دو فوری طور پر حادثے کے وقت چھلانگ لگا کر بچ گئے، جبکہ دو افراد ٹرک کے نیچے پھنس گئے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد، شدید سردی کے باوجود پولیس، ایس ڈی آر ایف اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر ایک بڑے پیمانے پر بچاؤ مہم کا آغاز کیا۔
دو گھنٹے کی طویل کوشش کے بعد، پھنسے ہوئے افراد کو شدید زخمی حالت میں نکالا گیا۔ تاہم، دونوں زخمی ہسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئے۔
متوفین کی شناخت ریاض احمد راتھر اور مختار احمد ایتو، ساکنان گوپالپورہ کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔