جموں// ضلع اودھم پور میں پیر کے روز پولیس نے دو مشتبہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جن میں ایک نرسنگ اردلی بھی شامل ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تقریباً 40 گرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت چبوترا بازار کے رہائشی وکرانت شرما، جو اودھم پور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں نرسنگ اردلی کے طور پر کام کرتے ہیں، اور پابا گلی کے رہائشی ارجن دوبے کے طور پر ہوئی ہے۔
دونوں ملزمان جموں سے اودھم پور موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے جب انہیں جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر رہمبل کے مقام پر پولیس ٹیم نے روکا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اُن کے قبضے سے 39.9 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات و نفسیاتی مواد ایکٹ (این ڈی پی ایس ایکٹ) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور منشیات کی سمگلنگ کے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اودھم پور میں نرسنگ آرڈلی سمیت دو افراد ہیروئن کے ساتھ گرفتار
