سری نگر//پولیس نے سری نگر ضلع کے لال بازار علاقے میں دو بھتہ خوروں کو نقلی پستول، خنجر اور دیگر قیمتی اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق، لال بازار پولیس تھانہ کو ایک شکایت موصول ہوئی، جس میں شکایت کنندہ سید عباس حسین ولد سید شوکت حسین ساکن بگوان پورہ لال بازار نے بتایا کہ 11،12اکتوبر 2022کی درمیانی رات گھر جانے کے دوران کچھ لوگوں نے اسے روک لیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ آلٹو کار میں سوار میں دو نامعلوم افراد نے اُنہیں مولوی سٹاپ لال بازار سے ڈرا دھمکا کر نالبل لے گئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک کے پاس پستول/خنجر تھا اور اس کو ڈرا دھمکا کر کچھ نقدی اور اس کا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اس اطلاع کی بنیاد پرپولیس تھانہ لال بازار میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ تفتیش کے لیے ایس ڈی پی او حضرتبل اظہر رشید، ایس ایچ او لال بازار کی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم تکنیکی اور انسانی ذرائع کی مدد سے اس بھتہ خوری میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت،ارسلان منظور ڈار ولد منظور احمد ڈار اور باسط بشیر ڈار ولد بشیر احمد ڈار کے بطور ہوئی ہے، دونوں اونتا بوان صورہ کے رہائشی ہیں۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک پستول (بظاہر ڈمی)، خنجر، موبائل فون اور مقتول کا دیگر قیمتی سامان برآمد کر لیا گیا۔
سری نگر میں دو بھتہ خور گرفتار:نقلی پستول، خنجر، موبائل اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد:پولیس
