عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں نشہ آور مواد برآمد کیا ہے۔پولیس کے ترجمان کے مطابق، پلوامہ میں کاکاپورہ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے اوکھو کاکاپورہ کے مقام پر قائم ایک ناکے کے دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی۔ اس شخص کی شناخت عبدالمجید وانی ولد غلام احمد وانی ساکن نیہامہ کے طور پر ہوئی۔تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 2.765 کلو گرام بھنگ نما مواد برآمد کیا گیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 71/2025 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
اسی طرح، ضلع شوپیاں میں زینہ پورہ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے ملدیرہ زینہ پورہ کے مقام پر قائم ایک چیک پوسٹ پر ایک گاڑی کو روکا، جسے عمر مقبول پرا ولد مقبول احمد پرا ساکن ہمہونہ ناگبل زینہ پورہ چلا رہا تھا۔تلاشی کے دوران پولیس نے گاڑی سے تقریباً 1.326 کلو گرام چرس نما مواد برآمد کیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے گاڑی کو بھی ضبط کر لیا گیا۔پولیس نے کہا ہے کہ دونوں کیسوں کی تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی کی جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور سماج کے ہر طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی یا کسی بھی سماج دشمن سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
پلوامہ اور شوپیاں میں دو منشیات فروش گرفتار، بڑی مقدار میں نشہ آور مواد ضبط