سمت بھارگو
سرینگر/راجوری ضلع کے چھتیار-چنگس کے قریب منگل کی صبح ایک ٹیمپو اور ٹاٹا موبائل کے درمیان زبردست ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ 9دیگر زخمی ہو گئے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ٹیمپو اور ٹاٹا موبائل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ نو زخمی ہوئے۔ حادثے کے فوراً بعد فوج، پولیس اور مقامی لوگوں کی جانب سے ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔
تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 26 سالہ انشاء فاطمہ دختر اختر علی ساکن دھنون کوٹ، اور 50 سالہ فرزانہ بیگم زوجہ محمد اقبال ساکن فتح پور کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام 9 زخمیوں کو علاج کے لیے جی ایم سی راجوری منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کا نوٹس لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔