عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// ضلع ریاسی کے ارناس علاقے میں جمعرات کی دوپہر ایک کار کھائی میں گرنے سے کم از کم دو افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک کار زیر رجسٹریشن نمبر JK02BA-0455 سوالہ نالہ کے قریب جڈہ سے کووری کے درمیان مبینہ طور پر ڈرائیور کا کنٹرول کھونے کے بعد کھائی میں گر گئی۔ حادثے کے وقت گاڑی میں 4 افراد سوار تھے۔
اُنہوں نے کہا، “کار میں سوار افراد میں رتن سنگھ، کمل سنگھ، راج کمار اور اتل شامل ہیں”۔
اہلکار نے کہا، “لوگوں کو بچا کر قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دو، رتن سنگھ اور اتل کمار کو مردہ قرار دے دیا”۔ اُنہوں نے مزید کہا، “دو دیگر کمل سنگھ اور راج کمار زیر علاج ہیں”۔
اس دوران ایک پولیس اہلکار نے بھی حادثے کی تصدیق کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔