اشتیاق ملک
ڈوڈہ // ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے امیدوار سابق ایڈوکیٹ جنرل محمد اسلم گونی نے 51-بھدرواہ و ایڈووکیٹ و ڈی ڈی سی کونسلر عاصم ہاشمی نے 53-ڈوڈہ ویسٹ سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایڈوکیٹ جنرل محمد اسلم گونی نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ مفاد عامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سیاسی جماعتیں ذات پات، مذہب پیسہ کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لیتی ہیں اور عوامی مسائل کو پس پشت ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اس پر بی جے پی کا بی ٹیم ہونے کا الزام عائد کیا جو کہ غلط و بنیاد ہے۔ گونی نے کہا کہ وہ شروع سے ہی سیکولر طاقتوں کے ساتھ رہے ہیں اور اسی نظریہ کے ساتھ جڑے ہیں۔ انہوں نے کانگریس و نیشنل کانفرنس اتحاد کو عوام کے ساتھ ایک بھدا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دو جماعتوں نے بھدرواہ و چناب ویلی کی دیگر اسمبلی حلقوں میں ووٹران کی تقسیم کے لئے دوستانہ میچ کھیلنے کا ڈرامہ کیا جس سے ووٹوں کی تقسیم یقینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کو چند ٹھیکداروں و رشوت خور افسروں نے تماشا بنایا ہے جو کہ ہماری سوچ کے باہر ہے۔
سابق ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ انہوں نے فارم سابق وزیر اعلیٰ و چیئرمین ڈیموکریٹک آزاد پارٹی غلام نبی آزاد کی ہدایت پر داخل کیا تھا اور بھدرواہ بھلیسہ کی عوام نے بھی اپنا مکمل اعتماد ظاہر کیا تھا لیکن بدقسمتی سے کچھ جماعتوں نے نفرت و مذہبی سیاست کا سہارا لے کر سماج و عوام کو تقسیم کرنے کی کوششیں کیں جسے وہ برداشت نہیں کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا بی جے پی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ لوگ بھاجپا کے ساتھ وابستہ ہیں جنہوں نے نام نہاد الائنس کے نام پر دو امیدوار کھڑے کئے۔
گونی نے اپنے حمایتیوں و ورکروں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست و سماج دشمن طاقتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں اور امن، ترقی و خوشحالی کے نام پر سیکولر جماعتوں کی حمایت کریں۔
ادھر، ڈوڈہ ویسٹ اسمبلی حلقہ سے ایڈوکیٹ سید عاصم ہاشمی نے کانگریس امیدوار ڈاکٹر پردیپ کمار کی حمایت میں اپنا فارم واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی فرقہ پرستی کے نام پر عوام و سماج کو تقسیم کر کررہی ہے اور اسی کو مدعا بنا کر نفرت کی سیاست کررہے ہیں جس سے دلبرداشتہ ہو کر انہوں نے کانگریس امیدوار کے حق میں اپنا فارم واپس لیا۔