عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں انسانی سمگلنگ کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کیا گیا جس دوران دو ملزمین کو گرفتار کر کے 4نابالغ لڑکیوں کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک قابل اعتماد ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس تھانہ نے بارہمولہ کے عشکورہ میں سرگرم انسانی سمگلنگ کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ شکیل احمد بھٹ جو کہ عشکورہ کا رہنے والا ہے، جو جموں و کشمیر کے باہر سے نابالغ لڑکیوں کی سمگلنگ اور استحصال میں ملوث تھا۔
اُنہوں نے کہا، “پولیس تھانہ بارہمولہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 173/2024 درج کیا گیا تھا، اور پولیس کی ایک ٹیم نے ملزم کے رہائشی مکان پر چھاپہ مارا، تین نابالغ متاثرہ لڑکیوں کو بازیاب کیا جو روہنگیا برما سے ہیں۔ تلاشی مجسٹریٹ کی موجودگی میں خواتین پولیس اہلکاروں نے کی”’۔
ترجمان نے کہا، “تفتیش کے دوران، شکیل احمد بھٹ نے ایک لڑکی کو کنلی باغ کے رہائشی مہراج احمد تانترے کو فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ تانترے کے گھر پر بعد میں چھاپے کے نتیجے میں برما کی روہنگیا سے تعلق رکھنے والی ایک اور متاثرہ نابالغ لڑکی کی بازیابی اور تانترے کی گرفتاری عمل میں آئی”۔
انہوں نے مزید کہا، “پولیس نے شکیل احمد بھٹ اور مہراج الدین تنترے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے اور انسانی سمگلنگ کے اس ریکیٹ میں ملوث دیگر ملزمان کو پکڑنے کے لیے مزید تفتیش کر رہی ہے”۔