بارہمولہ میں تین دہائیوں سے روپوش 2 ملزم گرفتار: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

بارہمولہ// جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں تین دہائیوں سے زائد عرصے سے گرفتاری سے بچنے والے دو مفرور ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا، “بارہمولہ میں پولیس نے دو مفرور ملزمین کو گرفتار کیا ہے جو کئی دہائیوں سے اپنی گرفتاریوں سے بچ رہے تھے۔ اُن کے خلاف پولیس تھانہ پٹن اور ٹنگمرگ میں الگ الگ مقدمات درج ہیں”۔
اُنہوں نے کہا کہ سب جج جے ایم آئی سی ٹنگمرگ کی عدالت کی طرف سے سی آر پی سی کی دفعہ 512 کے تحت گرفتاری وارنٹ پولیس سٹیشن ٹنگمرگ اور کنزر میں زیر التوا مقدمات میں جاری کئے ہیں۔ ملزمین کی شناخت نذیر احمد میر ولد ولی محمد ساکن مسکین باغ خانیار حال لڈو پمپور اور علی محمد کاوا ولد محمد قاسم ساکنہ کاواپورہ سنبل حال ہمدانیہ کالونی بمنہ سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں پولیس تھانہ کنزر اور ٹنگمرگ کی خصوصی پولیس ٹیم نے ایس ڈی پی او ٹنگمرگ کی نگرانی میں کی ہیں اور “بعد ازاں، گرفتار ملزمان کو معزز عدالت میں پیش کیا گیا”۔