عازم جان
بانڈی پورہ // کانگریس کے سینئر رہنما نظام الدین بٹ نے تلیل میں پیش آئے تباہ کن آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں متعدد خاندان بے گھر ہوگئے اور شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایک پریس بیان میں بٹ نے کہا کہ یہ سانحہ دور دراز کے سرحدی علاقے کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے جہاں لوگ پہلے ہی کٹھن حالاتِ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں کے لیے عارضی پناہ گاہیں، مناسب معاوضہ، راشن اور دیگر ضروری امداد فراہم کی جائے تاکہ متاثرین کو اس مشکل وقت میں کچھ سہارا مل سکے۔انہوں نے سماجی اور رضاکارانہ تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ مستقل بحالی کے اقدامات ہونے تک آگے بڑھ کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔مقامی لوگوں اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے بٹ نے کہا کہ انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔ انہوں نے اس دوران زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔ بٹ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے واقعات بہتر آفات سے نمٹنے کی تیاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دور دراز علاقوں میں بسنے والے عوام کی ضروریات کے تئیں زیادہ چوکس اور جوابدہ رہے۔