عظمیٰ ویب ڈیسک
واشنگٹن/امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر روس کے صدر ولادیمیر پوتن جمعہ کے روز الاسکا میں ملاقات کے دوران یوکرین کے خلاف جنگ ختم کرنے پر راضی نہیں ہوئے تو روس کو بہت سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا مطلب نئی پابندیاں یا ٹیرف لگانا ہے، تومسٹر ٹرمپ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس کے بہت سنگین نتائج ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ نے اس سے قبل یوکرین جنگ کی سزا کے طور پر ماسکو پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی اور گزشتہ جمعہ کو ڈیڈ لائن مقرر کی تھی کہ اگر پوتن مذاکرات کی میز پر نہیں آئے تو پھر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
ٹرمپ نے روس سے توانائی خریدنے والے ممالک پر اضافی پابندیوں کی دھمکی بھی دی ہے۔ انہوں نے روس کے تیل کے دوسرے سب سے بڑے خریدار ہندستان پر نئے محصولات عائد کیے، لیکن چین پر نئے محصولات عائد کرنے سے گریز کیا۔دریں اثنا، یورپی رہنماؤں نے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ یوکرین امن معاہدے پر عمل نہ کریں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ نے ورچوئل میٹنگ کے دوران ان سے کہا کہ علاقائی مسائل پر یوکرین کے علاوہ کوئی اور بات چیت نہیں کی جائے گی۔
پوتن نے یوکرین کے خلاف جنگ ختم نہ کی تو روس کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا: ٹرمپ
