عظمیٰ ویب ڈیسک
نیویارک/امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان نے مئی میں اُس وقت امن قائم کیا جب انہوں نے دونوں ایٹمی طاقتوں کو خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے اپنی فوجی جھڑپیں جاری رکھیں تو امریکہ ان کے ساتھ تجارتی معاہدے ختم کر دے گا۔
فلوریڈا میں امریکہ بزنس فورم میامی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ فوجی تنازع کے دوران آٹھ طیارے مار گرائے گئے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ طیارے کس ملک کے تھے۔ اس سے قبل ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سات طیارے مار گرائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ آٹھ مہینوں میں انہوں نے آٹھ جنگیں ختم کیں جن میں کوسوو اور سربیا، کانگو اور روانڈا کے تنازعات شامل ہیں۔
ٹرمپ نے کہا، ’’پاکستان اور بھارت‘‘جنگ کی تیاری کر رہے ہیں جب یہ سب اچانک معلوم ہوا تو میں نے دونوں ممالک سے امن قائم کرنے کو کہا اور یہ واضح کیا کہ جب تک تم امن قائم نہیں کرو گے، آپ کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوگا۔‘‘ٹرمپ کہتے ہیں کہ ’’اگلے ہی دن مجھے فون آیا کہ ہم نے امن قائم کر لیا ہے۔ میں نے کہا شکریہ، اب تجارت کریں۔‘‘ ٹرمپ نے مجمع سے داد وصول کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ سب ٹیرف کی وجہ سے ممکن ہوا۔ ٹیرف نہ ہوتے تو یہ کبھی نہ ہوتا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 10 مئی کو ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ بھارت اور پاکستان نے ’’فوری اور مکمل جنگ بندی‘‘ پر اتفاق کر لیا ہے، جو واشنگٹن کی ثالثی سے ممکن ہوئی۔ اس کے بعد سے ٹرمپ 60 سے زائد بار یہ دعویٰ دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کروائی۔
بھارت نے بارہا کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت کی تردید کی ہے۔ بھارت نے 7 مئی کو ’’آپریشن سندور‘‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں ملی ٹینٹوںکے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا، جو 22 اپریل کو پہلگام حملے کے جواب میں کیا گیا تھا، جس میں 26 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔چار دن کی شدید سرحدی جھڑپوں کے بعد 10 مئی کو بھارت اور پاکستان نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔
میامی میں اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اسرائیل اور ایران، مصر اور ایتھوپیا، آرمینیا اور آذربائیجان، اور کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان تنازعات ختم کرنے میں مدد کی۔
ٹرمپ نے کہا’’یہ سب جنگوں میں تھے… کچھ 32 سال پرانی تھیں، ایک 38 سال پرانی۔ میں نے ان میں سے کئی کو ایک گھنٹے میں حل کر دیا۔ اقوام متحدہ کی کوئی مدد نہیں لی‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں امریکہ طاقت کے ذریعے امن قائم کر رہا ہے، ’’کیونکہ سب جانتے ہیں کہ اب کوئی ہم سے پنگا نہیں لے گا۔‘‘ٹرمپ نے چین، جاپان اور ملیشیا کے ساتھ کیے گئے اقتصادی معاہدوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ’’یہ سب بہترین معاہدے ہیں، سب کے لیے فائدہ مند۔‘‘ (ایجنسیز)
میری تجارتی دھمکی کے بعد بھارت اور پاکستان نے امن قائم کیا: ڈونلڈ ٹرمپ