یو این آئی
جموں// ٹرک ڈرائیوروں نے جموں میں بھی منگل کے روز ‘ہٹ اینڈ رن’ کے نئے قوانین کے خلاف ہڑتال کی اور نعرہ بازی بھی کی۔ہڑتال پر بیٹھے ڈرائیوروں نے جم کر نعرہ بازی کی اور اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ایک ڈرائیور نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں گاڑیاں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گے لیکن یہ ہماری مجبوری ہے۔انہوں نے کہا: ‘بہت بڑا قانون پاس کیا گیا ہے میں سمجھ میں ہی نہیں آتا ہے کہ اتنا بڑا قانون کس طرح پاس کیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘جب سبھی گاڑیاں بند ہوں گی اور سارا ٹرانسپورٹ ٹھپ ہوگا تو دیش کیسے چلے گا’۔
موصوف نے کہا کہ حکومت کو یہ قانون واپس لینا پڑے گا۔ ایک اور احتجاجی نے کہا: ‘جو حکومت نے یہ قانون بنایا ہے کہ اگر ڈرائیور سے سڑک حادثہ ہوگا تو اس کو دس لاکھ روپیے جرمانہ اور دس سال قید کی سزا سنائی جائے گی اگر ہمارے پاس اتنے پیسے ہوتے تو ہم اپنا کاروبار شروع کرتے’۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اس قانون کو واپس لیا جائے۔