پونچھ// مغل شاہراہ پر گرتے پتھروں کی زد میں آنے سے ایک ٹرک ڈرائیور کی موت ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مغل شاہراہ پر ایک ٹرک ڈرائیور اس وقت لقمہ اجل بن گیا جب ایک ٹرک شاہراہ پر گرتے ہوئے پتھروں کی زد میں آ گیا۔
متوفی کی شناخت محمد توفیق ولد قربان علی ساکن سیتا پور اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ سیبوں سے لدا ایک ٹرک سری نگر کی طرف سے راجوری کی طرف جا رہا تھا کہ پنار پل پر گرتے ہوئے ایک بڑے پتھرکی زد میں آ گیا، جس کی وجہ سے ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پتھر لگنے سے گاڑی بھی الٹ گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈرائیور کی لاش کو بعد میں موقع سے ہٹا کر پولیس نے قبضے میں لے لیا جبکہ ٹرک کو بھی سڑک سے ہٹا کر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔