عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ سرحدی ضلع کپوارہ کے راجوار ہندواڑہ علاقے میں منگل کی صبح ایک دلخراش سڑک حادثے میں ایک استاد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کم از کم نو دیگر افراد زخمی ہو ئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافربردار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کئی افراد کو چوٹیں آئیں۔فوری طور پر مقامی لوگوں نے بچاؤ کارروائیوں کا آغاز کیا اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے ضلع اسپتال کپوارہ ریفر کیا گیا ۔متوفی کی شناخت مقامی استاد ارشاد احمد لون کے طور پر کی گئی ہے، جو اسکول جانے کے لیے اسی گاڑی میں سوار تھے۔ ان کی ناگہانی موت سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا ضلعی ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ہسپتال جا کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے کہاکہ حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
راجوار ہندواڑہ میں المناک سڑک حادثہ: استاد جاں بحق، 9 افراد زخمی
