محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں بارشوں کا شروع ہوا تازہ سلسلہ جاری ہے جبکہ جواہر ٹنل اور مہو منگت کے علاقوں سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے میں تازہ برفباری ہو رہی ہے ۔
بارشوں اور برفباری کی وجہ سے سردی میں ایک دم اضافہ درج کیا گیا یے۔
ٹریفک حکام نے فون پر کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں تیز بارشیں ہو رہی ہیں تاہم شاہراہ پر ٹریفک دو طرفہ سے چل رہا ہے جبکہ ٹرک اور ٹینکر وادی کشمیر سے جموں کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں شاہراہ کے کئی مقامات پر پتھر بھی گر رہے ہیں تاہم ابھی تک ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، بیٹری چشمہ اور شیر بی بی کے علاقوں میں پتھروں اور پسیوں کو سڑک سے صاف کرنے کیلئے مشینری کو تیار رکھا گیا یے اور ابھی تک ٹریفک بنا کسی رکاوٹ کے چل رہا ہے ۔
ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں اور مسافروں سے اپیل کی ہےکہ وہ بلاضرورت شاہراہ کے سفر سے گریز کریں تاکہ انہیں شاہراہ پر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔