عشرت حسین بٹ+غلام نبی رینہ
سری نگر/وادی کشمیر میں تازہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڈ اور گریز بانڈی پورہ روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل احتیاطی طور پر بند کر دی گئی ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ کو پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے پیش نظر احتیاطی طور پر ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی میں جاری ناساز گار موسمی صورتحال کے بیچ کچھ دیگر علاقوں سمیت پیر کی گلی پر تازہ برف باری ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پیر کی گلی پر تازہ برف باری کے پیش نظر مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو احتیاطی طور پر روک دیا گیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ روڈ قابل آمد و رفت ہونے تک اس پر سفر کرنے سے گریز کریں۔شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں راز داں پاس پر تازہ برف باری کے نتیجے میں گریز بانڈی پورہ روڈ پر بھی ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ اس روڈ پر ٹریفک کو بنا بر احتیاط بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برف باری رکنے کے بعد ٹریفک کو بحال کیا جا سکتا ہے۔
تازہ برف باری: مغل روڈ، بانڈی پورہ گریز روڈ احتیاطی طور بند
