محمد تسکین
رام بن/جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کیلا موڑ ٹی-2 اور سیری، رام بن کے مقامات پر شدید بارشوں کے باعث مٹی اور پتھروں کے تودے گرآنے سے ٹریفک معطل ہو گئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق، شری امرناتھ یاترا کے پہلگام سے جموں جانے والے قافلے کو کیلا موڑ ٹنل سلائیڈ کے مقام پر عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، تاہم بالتل روٹ سے آنے والا قافلہ یکطرفہ طور پر سرینگر سے بانہال کی طرف بڑھ رہا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ صبح کے وقت جموں سے کشمیر کی طرف روانہ ہونے والے دونوں یاترا قافلے بحفاظت بانہال سے قاضی گنڈ عبور کر چکے تھے۔حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے اور شاہراہ صاف ہونے تک اس پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے ٹریفک پولیس ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج یا جموں، سری نگر اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کی طرف رجوع کریں۔ادھر کشتواڑ سنتھن اننت ناگ روڈ بھی سنتھن نالے میں سیلابی ریلے آنے کے باعث بند ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ روڈ صاف ہونے تک اس پر سفر کرنے سے احتیاط کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں 24 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔
شدید بارشوں سے پسیاں گرآنے کے باعث جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک معطل
