عاصف بٹ
کشتواڑ// سنتھن ٹاپ پر ہفتے کے روز تقریباً سات انچ تازہ برفباری کے بعد بند کی گئی سڑک کو پیر کی صبح آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔ انتظامیہ نے دونوں طرف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی ہے، لیکن یہ اجازت مقررہ اوقات تک محدود ہے۔
حکام کے مطابق، ہفتے کی صبح ہونے والی تازہ برفباری کے باعث سڑک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم، اتوار کی شام برف ہٹانے کا کام مکمل کر لیا گیا تھا۔ آج پیر کی صبح، موسم سازگار ہونے کے بعد سڑک کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ گاڑیاں صبح 10 بجے سے دوپہر 4:30 تک چنگام، پارنہ، اور ڈکسم پولیس ناکوں کو کراس کر سکتی ہیں۔ ان اوقات کے بعد کسی بھی گاڑی کو سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ اقدام مسافروں کی حفاظت اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور مقررہ اوقات کے اندر سفر کو یقینی بنائیں۔
سنتھن ٹاپ پر سردیوں کے موسم میں برفباری کے باعث سفر اکثر خطرناک ہو جاتا ہے، اور انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔