عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ مرمتی کام کاج کی وجہ سے ایک روز تک بند رہنے کے بعد بدھ کی صبح ٹریفک آمدورفت کیلئے بحال کر دی گئی۔
ٹریفک حکام نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، ”جموں سرینگر قومی شاہراہ (NH 44) پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، ڈھلواس پر سڑک سنگل وے ہے، تمام مسافر لین کے نظم و ضبط کی پابندی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور اوور ٹیکنگ سے گریز کریں“۔
یاد رہے کہ حکام نے ڈھلواس سمیت متعدد مقامات پر سڑک کی کشادگی اور دیگر مرمتی کام کاج کے پیشِ نظر منگل کی صبح آٹھ بجے سے بدھ کی صبح آٹھ بجے تک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک آمدورفت کو معطل رکھا تھا۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ ایس ایس جی روڈ، مغل روڈ، کشتواڑ-سنتھن-اننت ناگ روڈ اور بھدرواہ-چمبا روڈ برف جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے مسلسل بند ہیں۔