عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے۔بتادیں کہ بھاری برف باری کی وجہ سےبانہال اور رامسو کے درمیان پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے گذشتہ شام قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بند کر دیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام نے جمعہ کی صبح کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت مسافر بردار گاڑیاں دونوں طرف چل رہی ہیں جبکہ بڑی گاڑیوں کو بھی جلد ہی چلنے کی اجازت دی جائے گی۔حکام نے مسافروں سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے اور اوور ٹیکنگ کرنے سے احتراز کرنے کی اپیل کی ہے۔ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز بند ہے۔
اس شاہراہ کو گذشتہ روز زوجیلا پر بھاری برف باری ہونے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل، سنتھن روڈ اور بھدرواہ – چمبا روڈ گذشتہ کم و بیش دو ماہ س مسلسل بند ہیں۔قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں جمعرات کو وسیع پیمانے پر برف باری اور بارشیں ہوئیں۔
سرینگر–جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال
