عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت کی بحالی کا عمل آسان نہیں رہا ہے، تاہم اب حکومت کی نگاہیں برف باری پر ٹکی ہیں تاکہ سیاحوں کو دوبارہ وادی کی طرف راغب کیا جا سکے۔سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نےکہا کہ رواں سال اپریل کے وسط کے بعد ریاست کی معیشت میں نمایاں سست رفتاری آئی ہے، جس کا اثر سال کے اختتام تک سرکاری اخراجات پر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’’مینوفیکچرنگ، سیاحت، دستکاری، ہینڈلومز کے ساتھ ساتھ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابوں کے باعث جموں اور کشمیر دونوں میں زراعت و باغبانی کے شعبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔‘‘وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارا اندرونی جائزہ یہ بتاتا ہے کہ جی ایس ٹی شرحوں میں حالیہ تبدیلیوں کے سبب ہماری جی ایس ٹی آمدن میں 900 سے 1000 کروڑ روپے تک کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔
مالیاتی خسارے سے دوچار ریاست کے لیے ایک ہی سال میں 1000 کروڑ روپے کی آمدن کا گھاٹا کوئی معمولی بات نہیں۔ لیکن یہ مایوسی یا ناامیدی نہیں، بلکہ امید اور مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے ۔عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ مل کر حالات کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ آسان نہیں رہاہم نے امید کی تھی کہ بحالی کا عمل تیزی سے ہوگا لیکن ایسا نہ ہو سکا۔ گرمیوں کا پورا سیزن ضائع ہوگیا اور خزاں کا موسم بھی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ ہمیں امید تھی کہ خاص طور پر پنجاب کی تعطیلات کے دوران، سیاحوں کی بڑی آمد ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ یہ سال کئی اعتبار سے مشکل رہا۔ پہلے پہل پہلگام حملہ اور پھر ہند و پاک کشیدگی، اس کے بعد جولائی، اگست اور ستمبر میں شدید بارشوں اور سیلابوں نے بھاری نقصان پہنچایا۔ نتیجتاً ریاست کی صورتحال کافی خراب ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایک ٹیم اس وقت سنگاپور میں ہے تاکہ جنوب مشرقی ایشیا کی بڑی مارکیٹ کو ٹارگٹ کیا جا سکے۔ اسی طرح ممبئی، دہلی، بنگلورو، کولکاتا اور احمد آباد میں بھی سیاحتی تشہیر کی جا رہی ہے۔
ہماری بڑی تعداد میں سیاحت مغربی بنگال سے آتی ہے لیکن اس سال وہاں سے توقع کے مطابق سیاح نہیں آئے۔ اب ہماری اگلی امید سرمائی موسم پر ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس سال موسم سرما ماضی کی نسبت زیادہ سخت اور برفباری زیادہ متوقع ہے۔ اگر ایسا ہوا تو ہم جموں و کشمیر میں سیاحت کو دوبارہ برف پر استوار کرنے کی امید رکھتے ہیں۔
سیاحت کی بحالی آسان نہیں رہی، اب امیدیں سرمائی موسم پر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
