محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی سب ڈویژن رامسو کی تحصیل اُکڑال پوگل پرستان کی پنلہ پنچایت میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں ایک تین منزلہ رہائشی مکان جل کر راکھ ہوگیا ہے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح بہار احمد رونیال ولد محمد حسین رونیال ساکنہ پنلہ کا چار منزلہ رہائشی مکان اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گیا اور مکان کی چار منزلوں میں سے مکان کی تین منزلیں مکمل طور سے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔
آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس نے آگ پر قابو پانے کیلئے کاروائی شروع کی تاہم وہ اس مکان کو بچا نہیں سکے وہیں آگ کو آس پاس کی بستی تک پھیلنے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔
مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بہار احمد رونیال محکمہ بجلی میں ڈیلی ویجر کےطور کام کرتا ہے اور آگ کی اس ہولناک واردات میں گھر کا تمام مال و اسباب جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ اُکڑال پوگل پرستان میں فائر سروس سٹیشن نہیں یے اور ماضی میں بھی اگ کی ایسی کئی وارداتوں میں لاکھوں روپئے کی عوامی املاک خاک ہوگئی ہے۔