عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے رزلو کنڈ علاقے میں گزشتہ شب آتشزدگی کے واقعے میں تین رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے دیوسر علاقے میں ڈانگر پورہ رزلو کنڈ میں صبح تقریباً 2 بجے آگ لگی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کی اور آگ پر قابو پالیا لیکن اس سے قبل لاکھوں مالیت کی املاک کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ رہائشی مکانوں کے مالکان کی شناخت گلزار احمد شان ولد غلام محمد شان، عاشق حسین شان ولد غلام احمد شان، عبدالرحمان وانی ولد غلام حسن وانی تمام رہائشی رزلو کنڈ کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں لاکھوں مالیت کی املاک جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔