عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں شہر کے نروال علاقے میں واقع ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) کے قریب بدھ کے روز تین زندہ مارٹر شیل ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی، تاہم بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ٹال دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، جمں کے نروال علاقے میں آر ٹی او دفتر کے نزدیک چند مقامی افراد نے تین مارٹر شیل دیکھے اور اس بارے میں فوری طورپر پولیس کو مطلع کیا۔ چنانچہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔
بم ڈسپوزل ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے تینوں زندہ مارٹر شیلوں کو موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے میں کچھ وقت کے لیے ٹریفک کو روک دیا گیا اور راہگیروں کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا گیا۔
سینئر پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے اس بات کی تصدیق کی کہ ملنے والے مارٹر شیل فعال اور تباہ کن صلاحیت کے حامل تھے۔ پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ گولہ بارود کہاں سے آیا ۔
ماہرین نے شیلوں کے نمونے حاصل کر کے انہیں فارینسک جانچ کے لیے بھیج دیا ہے، جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے۔مقامی دکانداروں اور رہائشیوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے علاقے میں نگرانی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی مشتبہ چیز یا سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
جموں میں آر ٹی او دفتر کے نزدیک تین مارٹر شیل برآمد
