عظمیٰ ویب ڈوڈہ
اودھم پور// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اودھم پور ضلع میں ایک موٹر سائیکل ٹرک کے ساتھ ٹکرانے سے ڈوڈہ ضلع کے تین افراد کی موت واقع ہو گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ اودھم پور ضلع کے گرنائی علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل ٹرک کی زد میں آ گیا، حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
اُنہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او پی ایس ریہمبل کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور تینوں زخمیوں کو ایسوسی ایٹڈ ہسپتال گورنمنٹ میڈیکل کالج اودھم منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ان میں سے دو کو مردہ قرار دیا۔
پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کو تشویش ناک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
متوفین کی شناخت شہزاد حسین ولد عبدالعزیز ساکنہ چنیاس، ڈوڈہ، مبشر حسین ولد غلام محمد ساکنہ گندنا، ڈوڈہ اور ومل کمار ولد رام ناتھ ساکنہ ملا تحصیل ٹھاٹھری، ڈوڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔