عظمیٰ ویب ڈیسک
راجوری/ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے پیر کے روز تین بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز کو ناقص کارکردگی اور حکومت کی فلیگ شپ اسکیم ’’آدی کرمیوگی ابھیان‘‘ کو مؤثر طریقے سے نافذ نہ کرنے پر معطل کر دیا۔سرکاری بیان کے مطابق معطل کیے گئے افسران میں خادم شاہ (بی ڈی او بدھل اول/راجنار)، کلدیپ راج (بی ڈی او کالا کوٹ) اور دتہ رام (بی ڈی او ڈونگی) شامل ہیں۔ معطلی کے احکامات ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت رپورٹس کے جائزے کے بعد جاری کیے گئے، جن میں ان افسران کی کارکردگی غیر تسلی بخش اور ہدایات پر عمل درآمد ناکافی پایا گیا۔
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ’’یہ کارروائی آدی کرمیوگی ابھیان کے اہم اجزاء پر عمل درآمد میں ناکامی کی بنیاد پر کی گئی ہے، جس کا مقصد نچلی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ انتظامیہ کے احتساب اور مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے معاملے کی تفصیلی جانچ کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) راجوری کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے، جو سات روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کریں گے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے دیگر تمام افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری اسکیموں کے تحت مقررہ ٹائم لائنز اور معیارات کی سختی سے پابندی کریں۔ ایک افسر نے کہا کہ ’’کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر اسی نوعیت کی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ آدی کرمیوگی ابھیان حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد دیہی ترقیاتی منصوبوں میں انتظامی کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے، تاکہ پنچایتوں اور عمل درآمدی ایجنسیوں کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہو سکے۔