عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر پولیس کی سائبر ونگ نے ایک بڑے آن لائن فراڈ کا پردہ فاش کرتے ہوئے گجرات کے سورت شہر سے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے جموں کے ایک تاجر کو ’ڈیجیٹل گرفتاری‘ کے جال میں پھنساکر اُس سے 4 کروڑ 44 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جموں، جوگندر سنگھ نے منگل کے روز ضلع پولیس لائنز جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ معاملہ 2 ستمبر کو اس وقت سامنے آیا جب ایک مقامی تاجر نے تحریری شکایت درج کرائی کہ اسے سائبر مجرموں نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا روپ دھار کر دھوکہ دیا ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق دھوکہ بازوں نے متاثرہ تاجر پر الزام لگایا کہ اُس کا آدھار اور سم کارڈ منی لانڈرنگ میں استعمال ہوا ہے، اور پھر اسے آن لائن رابطے میں رکھ کر ڈیجیٹل حراست میں لے لیا۔ خوف و دھونس کے ذریعے انہوں نے اسے مختلف بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر 4,44,20,000 روپے منتقل کرنے پر مجبور کیا۔پولیس کے مطابق شکایت موصول ہوتے ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66D اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور ایک تفصیلی تفتیش شروع کی گئی۔
تحقیق کے دوران سائبر پولیس ٹیم نے رقم کی منتقلی کا سراغ لگایا، بینک ٹرانزیکشنز اور موبائل مواصلات کی جانچ کی، اور مجرموں کے ڈیجیٹل نشانات کا پتہ لگایا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ فراڈ نیٹ ورک زیادہ تر گجرات سے چلایا جا رہا تھا۔قابلِ اعتماد خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک خصوصی ٹیم کو سورت بھیجا گیا جس نے ایک منظم کارروائی کے دوران چوہان منیش ارنبھائی، انش وتھانی اور کشوربھائی کرمشبھائی دیوریا کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار شدگان کو جموں منتقل کر کے اُن سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ دیگر شریکِ جرم افراد اور مالی روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔انہوں نے اس گرفتاری کو ایک بڑا بریک تھرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ سائبر پولیس جموں نے اب تک 55,88,256 روپے سے زائد رقم مختلف بینک کھاتوں میں منجمد کر لی ہے، جب کہ 6 لاکھ روپے پہلے ہی متاثرہ شخص کے اکاؤنٹ میں واپس کر دیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق پیر کے روز اس معاملے میں پہلی چارج شیٹ عدالت میں داخل کی گئی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی جوگندر سنگھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے آن لائن دھوکہ دہی کے حربوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ کال یا ویڈیو چیٹ کی اطلاع فوراً سائبر پولیس کو دیں۔
جموں کے تاجر سے 4.4 کروڑ روپے اینٹھنے والے تین افراد گجرات سے گرفتار:ایس ایس پی
