عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کشمیر کی قدیم صوفی روایت اور روحانی ثقافت کو زندہ رکھنے کے ایک منفرد مظہر کے طور پر، سری نگر کے نواحی علاقے زکورہ میں واقع معروف درگاہ لالہ باب صاحب(رح) پر جمعرات کو دمبالی کی روح پرور محفل کا انعقاد ہوا، جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے درجنوں مقامی فنکاروں نے شرکت کی۔اس صوفیانہ رقص کو دیکھنے کے لیے درگاہ پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند جمع ہوئے۔
دمبالی ایک مخصوص صوفی رقص ہے جس کی جڑیں وسطی ایشیائی درویش روایت سے جڑی ہیں، اور جو یہاں مولانا جلال الدین رومی(رح) کے پیروکاروں کے ذریعے پہنچا۔ اس رقص کا مقصد ’وجد‘ (روحانی کیف و سرور) کی حالت میں صرف ذاتِ خداوندی پر توجہ مرکوز کرنا ہوتا ہے۔تقریب کے دوران فنکاروں نے ہاتھوں میں لمبے لکڑی کے علم تھام کر دائرے میں گھومتے ہوئے وجدانی کیفیت میں رقص کیا، جب کہ دیگر زائرین یہ منظر عقیدت سے دیکھتے رہے۔
بڈگام سے تعلق رکھنے والے یہ دمبالی فنکار ہر سال عرس کے موقع پر زکورہ درگاہ پہنچتے ہیں اور پھر اپنے علم اٹھائے حضرت بل شریف اور آخر میں شیخ حمزہ مخدوم(رح) کے آستان کوہِ ماراں تک روحانی سفر مکمل کرتے ہیں۔ستر سالہ زائر عبدالرشید نے یو این آئی کو بتایا کہ ہم ہر سال یہاں صرف روحانی فیض کے لیے آتے ہیں، اور دمبالی کا یہ عمل ہمارے ایمان کو تازہ کرتا ہے۔
عقیدت مندوں کا ماننا ہے کہ لالہ باب صاحب(رح) کا تعلق بھی بڈگام کے لالپورہ سے تھا۔ بعد ازاں وہ زکورہ آ گئے اور حضرت بل شریف کی زیارت کے لیے روزانہ پیدل جایا کرتے تھے۔ روایت کے مطابق، وہ راستے میں دمبالی رقص کرتے ہوئے جاتے اور واپس آتے تھے۔تیس سالہ فیروز احمد کے مطابق کبھی دمبالی اداکاروں نے عرس میں شرکت ترک کی تھی، اور اسی سال لالپورہ گاؤں میں خوفناک آتشزدگی سے بڑا نقصان ہوا تھا۔ بزرگوں کا ماننا ہے کہ یہ برکت سے منہ موڑنے کا نتیجہ تھا۔
معروف صوفی اسکالر کے مطابق،’دمبالی یا درویش رقص بنیادی طور پر ایک روحانی مشق ہے جو سورج کے گرد سیاروں کی گردش کی علامت کے طور پر کی جاتی ہے۔ کشمیر میں یہ روایت براہ راست وسط ایشیا سے نہیں بلکہ گجرات کے سمندری راستوں سے آئے صوفیاء کے ذریعے پہنچی۔آستانہ عالیہ لالہ باب صاحب(رح) میں دمبالی کی یہ محفل نہ صرف ایک روحانی اجتماع ہے بلکہ یہ کشمیر کی صوفی ثقافت کے تسلسل اور اجتماعی روحانی شعور کو زندہ رکھنے کی علامت ہے۔
آستانہ عالیہ لالہ باب صاحب زکورہ میں ’دمبالی‘ کی روح پرور محفل، ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت
