عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے سرمائی راجدھانی جموں میں منگل کے روز ایک چور کو جوتوں کا ہار پہنا کر سڑکوں پر گھمایا گیا اور کچھ دیر کے لیے اسے چلتی پولیس گاڑی کی بونٹ پر بھی بٹھایا گیا۔بخشی نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او آزاد منہاس کے مطابق مذکورہ ملزم ایک بدنامِ زمانہ مجرم ہے اور حال ہی میں بے نقاب ہونے والے ایک جرائم پیشہ گروہ سے تعلق رکھتا ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ چور وادی کشمیر کا رہائشی ہے اور گرفتاری کے وقت نشے کی حالت میں تھا۔
افسر نے مزید بتایا کہ چند روز قبل ایک شخص سے، جو مریض کے لیے دوائیں خرید رہا تھا، 40 ہزار روپے لوٹ لیے گئے تھے۔ وہی شخص آج ملزم کو شناخت کرنے میں کامیاب ہوا اور اسے اسپتال کے قریب پکڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران چور نے چھری سے حملہ کر کے اس شخص کو زخمی کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم مقامی نوجوانوں کے ساتھ پولیس نے پیچھا کرتے ہوئے بالآخر اسے دھر دبوچا گیا۔
پولیس کے مطابق کچھ مقامی نوجوانوں نے ملزم کو جوتوں کا ہار پہنایا اور پھر اسے پولیس گاڑی کی بونٹ پر بٹھا کر تھانے لے جایا گیا۔ گاڑی میں نصب لاوڈ اسپیکر کے ذریعے چور کی گرفتاری کا اعلان بھی کیا گیا تاکہ لوگوں کو چوکنا کیا جا سکے۔
یہ رواں ماہ جموں میں اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 11 جون کو گنگیال چوک میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث تین ملزمان کو بھی عوام نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
جموں میں چور کو جوتوں کا ہار پہنا کر سڑکوں پر گھمایا گیا
