عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس ماضی سے لے کر آج تک سخت ترین حالات، سازشوں اور کشمیر دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی عوامی تعاون کے ساتھ ایسے تمام عناصر کے عزائم کو ناکام بناتی رہے گی جو جموں و کشمیر کے تشخص کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں، تاہم کشمیری عوام باشعور ہیں اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ریاست کو کس نے دلدل میں دھکیلا اور کس نے عوام کے مفادات کا سودا کیا۔ان باتوں کا اظہارموصوف نے آج نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر سرینگر میں پارٹی لیڈران اور عہدیداران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شوکت میر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بڈگام اسمبلی نشست کے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں اور گھر گھر جا کر پارٹی منشور اور عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں اور خود ساختہ لیڈر، جنہیں عوام نے 2014 کے اسمبلی انتخابات میں مکمل طور پر مسترد کیا تھا اور جن میں سے کئی کی ضمانتیں بھی ضبط ہوئیں، آج نیشنل کانفرنس کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈا میں مصروف ہیں۔ان کے مطابق یہ وہی عناصر ہیں جو اقتدار کے لیے کشمیری عوام کے مفادات کا سودا کرتے رہے۔ لیکن عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ جعفرِ بنگال اور صادقِ دکن بننے والوں کا انجام کیا ہوا۔ آج ان کے نام لینے والا کوئی نہیں بچا، یہی انجام ان موجودہ عناصر کا بھی ہوگا جو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام دوست اور دشمن میں تمیز کرنا جانتے ہیں اور اب وہ کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔شوکت میر نے یقین ظاہر کیا کہ بڈگام کے ضمنی انتخابات میں نیشنل کانفرنس بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں اور مخالفین کے پروپیگنڈا کا جواب مثبت عوامی خدمت اور پارٹی نظریات کے فروغ کے ذریعے دیں۔
نیشنل کانفرنس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں: صوبائی صدر
