عظمیٰ ویب ڈیسک
بانہال/ رام بن ضلع کے بٹوت پولیس اسٹیشن میں چوری کے ایک معاملے میں حراست میں لیے گئے شخص کی منگل کی شام کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بٹوت میں موت واقع ہو گئی۔
متوفی کی شناخت عابد احمد ولد محمد اسلم، ساکن تھوپال بٹوت کے طور پر ہوئی ہے، جسے مبینہ طور پر بٹوت اسپتال کے آکسیجن پلانٹ سے سامان کی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عابد کو چند دن قبل بٹوت پولیس نے حراست میں لیا تھا۔
منگل کی دوپہر اس نے پیٹ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد اسے بٹوت سرکاری اسپتال لے جایا گیا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے اسپتال سے فارغ کر دیا گیا اور وہ واپس پولیس اسٹیشن چلا گیا۔
تاہم، اسپتال حکام کے مطابق شام 6 بجے کے قریب عابد کو دوبارہ بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اس واقعے کے بعد، ضلع مجسٹریٹ رام بن، بصیر الحق چودھری نے عابد کی موت کی وجوہات جاننے کے لیےمجسٹریل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
چوری کے ملزم کی پولیس حراست میں موت، مجسٹریل انکوائری کا حکم
