عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا مناسب وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آنے والے پارلیمانی سیشن کے دوران ہمارا ریاستی درجہ بحال کیا جائے گا۔
تنویر صادق کا کہنا تھا کہ خصوصی درجے کی بحالی ہمارا اہم ایجنڈا ہے اسی لئے ہم نے اسمبلی میں پہلی قرار داد بھی خصوصی درجے کی بحالی کے متعلق ہی پاس کی۔ان کا کہنا تھاحزب اختلاف کے لیڈر نے وزیر اعظم کو چٹھی لکھی ہے ہم ان کے شکر گذار ہیں، اس پر جلد سے جلد کارروائی ہونی چاہئے۔تنویر صادق نے کہامجھے لگتا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی کا اب مناسب وقت آگیا ہے، عوامی حکومت کا بھی ایک سال مکمل ہوا ہے، عدالت عظمیٰ کا بھی حکم ہے اور وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا بھی وعدہ ہے، اس میں اب مزید تاخیر نہیں کی جانی چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہالداخ کو جموں وکشمیر سے الگ کر دیا گیا اور یہ تاثر دیا گیا کہ وہ خود اپنے آپ پر حکومت کرنا چاہتے ہیں لیکن اب جموں سے ان کے لئے لیفٹیننٹ گورنر بنایا گیا یہ ان لوگوں کے ساتھ نا انصافی نہیں تو اور کیا ہے۔ان کا کہنا تھامجھے لگتا ہے کہ گذشتہ 6 برسوں کے دوران وہاں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے وہاں کے لوگ کہتے ہیں کہ وہ جموں وکشمیر کے ساتھ رہ کر خوش تھے۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے موصوف رکن اسمبلی نے کہاہماری حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہم نے یہ نہیں کہا تھا کہ ہم ایک سال میں ہی اپنے سارے وعدے پورا کریں گے۔انہوں نے کہاہم پانچ برسوں کے دوران اپنے تمام وعدے پورا کریں گے۔
ریاستی درجے کی بحالی کا مناسب وقت آگیا ہے: تنویر صادق
