عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) میں سابق اراکین اسمبلی کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق ممبر اسمبلی نور محمد نے آج باضابطہ طور پر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق، سابق ایم ایل اے نے پی ڈی پی صدر محترمہ محبوبہ مفتی کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد محبوبہ مفتی نے اُن کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام کو ایک مثبت سیاسی پیش رفت قرار دیا۔
پی ڈی پی صدر نے اس موقع پر کہا کہ عوامی نمائندوں کی واپسی اس بات کا مظہر ہے کہ پارٹی کی عوامی بنیادیں مضبوط ہو رہی ہیں اور لوگوں کا اعتماد پی ڈی پی کے وژن پر بحال ہو رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ایڈوکیٹ اعجاز احمد، سابق ایم ایل اے وچھی، نے بھی پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ذرائع کے مطابق، آنے والے دنوں میں مزید سینئر رہنما اور سابق منتخب نمائندے پارٹی میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔پی ڈی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی ریاستی درجہ کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور آئینی ضمانتوں کی بحالی کے اپنے موقف پر قائم ہے، اور انہی اصولوں کی بنیاد پر سیاسی کارکن دوبارہ اس قافلے میں شامل ہو رہے ہیں۔
سابق ارکان اسمبلی کی پی ڈی پی میں واپسی کا سلسلہ جاری
