انجینئر رشید کی رہائی شمالی کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا نہیں بلکہ ووٹ حاصل کرنا ہے: عمر عبداللہ

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انجینئر رشید کی ضمانت کی منظوری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد شمالی کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرنا نہیں بلکہ ووٹ حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد انجینئر رشید کو پھر سے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ انجینئر رشید کو ضمانت پر رہا کرنے سے شمالی کشمیر کے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا کیونکہ اس کا مقصد لوگوں کی خدمت کرنا نہیں بلکہ ووٹ حاصل کرنا ہے۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے انجینئر رشید کو بھاجپا کا پراکسی قرار دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ اے آئی پی کو اس کا جواب دینا چاہئے۔
عمر عبداللہ نے کہا :’میں شمالی کشمیر اور دیگر علاقوں کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھاجپا کے منصوبوں کو کامیاب نہ ہو نے دیں۔ ‘
انہوں نے کہاکہ اگر لوگ جموں وکشمیر میں بھاجپا کی حکومت چاہتے ہیں تو انہیں اے آئی پی، پیپلز کانفرنس اور اپنی پارٹی کی حمایت کرنی چاہئے۔
بانہال میں این سی کے خلاف کانگریس کے سابقe سربراہ وقار رسول کے بیان کے بارے میں، عمر نے کہا کہ کانگریس قیادت نے وقار رسول کے تبصرے کا نوٹس لیا ہے اور اتنا ہمارے لئے کافی ہے۔
عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ جیل میں مقید سرجان برکاتی کو میرے خلاف میدان میں اتارا گیا ، مجھے نہیں معلوم کہ جیل میں بند لوگوں کو میرے خلاف کیوں کھڑا کیا جارہا ہے۔