عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// ایک غیر معمولی واقعے میں، گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کے ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ نے ایم ایم اے بی ایم اسوسی ایٹڈ اسپتال میں ایک نو عمر لڑکے کی ناک سے ایک بڑا سانپ نما کیڑا نکال دیا۔
لڑکا ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ میں اس شکایت کے ساتھ آیا کہ اس کی ناک سے دُم نما چیز باہر نکل رہی ہے۔ ای این ٹی کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر کشور نے معائنہ کیا اور شبہ ظاہر کیا کہ لڑکے کی ناک کے اندر ایک بڑا سانپ نما کیڑا موجود ہے۔ کیس کو ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر عامر کے ساتھ زیر بحث لایا گیا، جس کے بعد سکشن اپلائی کیا گیا اور ایک بہت بڑا سانپ نما کیڑا ناک سے باہر نکالا گیا۔ کیڑے کی اصل نوعیت کی تصدیق کے لیے اسے فارنزک لیبارٹری بھیجا جائے گا۔
یہ قابل ذکر ہے کہ اب تک جی ایم سی اننت ناگ کا ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ 225 سے زائد تھائیرائیڈ سرجریز، 50 سے زیادہ سیلویری گلینڈ/پاروٹڈ سرجریز، کئی میکزیلکٹومیز انجام دے چکا ہے اور 80 سے زائد لارینکس اور ہائپو فیرینکس کے کینسر کے کیسز کی تشخیص اور علاج کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ، ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ نے اینڈوسکوپک اینجیو فائبروما ریموول، ڈیپ نیک ٹیومر ریموول، مکمل لیریجیکٹومی، کینسرِ زبان کی گلوسیکٹومی کے ساتھ فلیپ ری کنسٹرکشن، اینڈوسکوپک میکزیلکٹومی اور پاروٹڈ سرجریز جیسی نایاب سرجریز بھی انجام دی ہیں۔
جی ایم سی اننت ناگ کی پرنسپل اور ڈین، پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ نجیب نے ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات پورے جوش اور مؤثر طریقے سے مریضوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
جی ایم سی اننت ناگ کے ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ نے ایک نو عمر لڑکے کی ناک سے سانپ نما کیڑا نکال دیا
