عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر برائے سوشل جسٹس رام داس اٹھوالے نے جمعرات کے روز کہاکہ دفعہ 370 کی منسوخی کا فیصلہ ثمر آور ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ بھی ضرور پورا کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار موصوف وزیر نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ مودی جی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن و امان واپس لوٹ آیا ہے ۔
مرکزی وزیر مملکت کے مطابق جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر موجودہ سرکار وعدہ بند ہے۔ان کے مطابق حالیہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں جموں وکشمیر میں ریکارڈ توڑ ووٹنگ ہوئی جس کے لئے مبارکبادی کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یہاں کے لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو اقتدار میں لایا تاہم سرکار جس کی بھی ہو موجودہ مرکزی حکومت لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔دفعہ 370کے بارے میں رام داس اٹھوالے نے کہاکہ اس آرٹیکل کی منسوخی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگ سٹیٹ ہڈ کی واپسی کی مانگ کر رہے ہیں اور میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان اس جائز مانگ کو بھی پورا کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے کہا :’دفعہ 370کی منسوخی کی بل پیش کرنے کے دوران وزیر داخلہ امیت شاہ نے لوک سبھا میں ممبران کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ ریاستی درجے کی بحالی کا فیصلہ موزون وقت پر لیا جائے گا۔ ‘