عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مخصوص خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے آج اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کیمپ مژھل اور بھارتی فوج کی 12 سکھ لائی یونٹ نے ایک مشترکہ آپریشن کیا۔ یہ کارروائی سڈوری نالہ، مشتاق آباد مژھل کے جنگلاتی علاقہ میں کی گئی، جو پولیس اسٹیشن کپواڑہ اور پولیس پوسٹ مچھیل کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
کارروائی کے دوران ملی ٹینٹوں کا ایک ٹھکانہ دریافت کر کے تباہ کر دیا گیا۔ جائے وقوعہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، برآمد شدہ اسلحہ و گوالہ بارود کی تفصیلات درج ذیل ہے ، 5 اے کے47 رائفلز، 8 اے کے47میگزینز، 1 پستول معہ ایک میگزین،660راؤنڈز اے کے47گولہ بارود 1 پستول راؤنڈ، 50راؤنڈز ایم 4 گولہ بارود۔
دفاعی ذرائع کے مطابق یہ برآمدگی ایک بڑی کامیابی ہے، خاص طور پر اس پس منظر میں کہ اطلاعات کے مطابق ملی ٹینٹ علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ملی ٹینٹوں کے ناپاک عزائم کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور انسانی جانوں اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرات سے بچا لیا ہے۔
یہ آپریشن ایک بار پھر سیکورٹی فورسز کے پختہ عزم اور باہمی تعاون کا مظہر ہے کہ وہ امن و امان کو قائم رکھنے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہیں۔مزید تفتیش جاری ہے۔