عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسیوں نے ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی سطح پر موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے راج بھون جموں میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
ڈی جی پی نے کہا کہ 1989 سے اب تک 515 اسپیشل پولیس آفیسرز (ایس پی اوز) سمیت 1,614 پولیس اہلکاروں نے ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں اپنائی گئی پالیسی ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں نہایت موثر ثابت ہو رہی ہے۔
شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے اور انہیں تقرری کے احکامات ذاتی طور پر فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیاں جموں و کشمیر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی پر بھی روشنی ڈالی اور وزیر داخلہ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ہم آہنگی سے مشترکہ کوششیں مضبوط ہوئیں ہیں۔
ملی ٹینسی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: پولیس سربراہ
