جموں// جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے ہفتہ کو 10 افراد، جن میں دو ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں، کے خلاف جعلی دستاویزات کے ذریعے حکام کو گمراہ کرنے کے الزام میں مقدمات درج کیے ہیں۔
کرائم برانچ جموں کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بینم توش نے بتایا کہ چار علیحدہ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں 10 افراد کے خلاف جعلی دستاویزات کے استعمال کی شکایات پر کارروائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، “ان تمام کیسز میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ ہر کیس کے حقائق کو تفصیل سے بے نقاب کیا جا سکے”۔
افسران کے مطابق، ایف آئی آر میں سابق ڈپٹی انسپکٹر (محکمہ فشریز)، ریٹائرڈ فارسٹر اور پولیس ہیڈ کانسٹیبل کے نام شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی دستاویزات کا سہارا لے کر سرکاری ملازمتیں اور ترقیاتی فوائد حاصل کیے۔
محکمہ فشریز میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے جعلی آٹھویں جماعت کا سکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ استعمال کرنے پر کٹھوعہ کے رہائشی محمد فرید کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ اکھنور کے رہائشی پروین کمار کو جعلی گریجویشن سرٹیفکیٹ استعمال کر کے ڈپٹی فارسٹر کے طور پر ترقی حاصل کرنے پر نامزد کیا گیا ہے۔
اسی طرح، راجوری کے رہائشی ہیڈ کانسٹیبل محمد منشی کے خلاف جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ کے ذریعے جموں و کشمیر پولیس میں ملازمت حاصل کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
چوتھی ایف آئی آر سات افراد کے خلاف درج کی گئی ہے جن پر سب رجسٹرار منصف کورٹ، جموں میں جعلی مصالحتی معاہدہ تیار کرنے اور استعمال کرنے کا الزام ہے۔
ملازمتیں حاصل کرنے کیلئے جعلی دستاویزات کا استعمال؛ 10 افراد کے خلاف مقدمات درج
