سرینگر// جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کے نتیجے میں شدید سردی کی لہر میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے، جس سے رات کے درجہ حرارت میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، شمالی کشمیر اور بالائی علاقوں میں کل شام سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی دوران گزشتہ شب سرینگر میں درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ اور پہلگام میں بالترتیب منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور سونمرگ میں منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی کے دیگر حصوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب یا اس سے معمولی کم رہا، جیسے بڈگام 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور پلوامہ منفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ، جنوبی کشمیر کے لارنو میں درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
جموں، جو کہ یونین ٹیریٹری کا سرمائی دارالحکومت ہے، وہاں شبانہ درجہ حرارت قدرے گرم رہا اور 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔ بانہال، بٹوت اور کٹرا میں بالترتیب 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ، 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ، اور 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔
لداخ سب سے سرد خطہ رہا، جہاں لیہہ میں درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور دراس اور کرگل میں منفی 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ کا یکساں درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
آزاد موسمی تجزیہ کار فیضان عارف نے بتایا کہ ایک اور کمزور مغربی ہواؤں کے زیر اثر جموں و کشمیر کے چند حصوں میں بدھ تک ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
فیضان نے مزید کہا کہ 28 جنوری تک جموں و کشمیر میں کسی شدید مغربی ہواؤں کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 24 جنوری سے سردی کی لہر دوبارہ شدت اختیار کرے گی۔
کشمیر کے مختلف علاقوں میں برف و باراں، شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری
