عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے جموں و کشمیر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مائیگرنٹوں، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے امداد کی برابری کو یقینی بنائے جو مشکل حالات میں وادی میں مقیم رہے۔
تاریگامی نے کہا وہ مہاجرین جو مشکل وقت میں یہاں رکے رہے، انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہیں وزیراعظم کے پیکیج میں شامل کیا جانا چاہیے، لیکن وہ اب بھی اس امداد سے محروم ہیں۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے تاریگامی نے اس بات پر زور دیا کہ کئی ایسے مائیگرنٹ جنہوں نے خطہ نہیں چھوڑا، انہیں وزیراعظم کے امدادی پیکیج سے باہر رکھا گیا ہے اور وہ اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انھوں نے کہا کچھ لوگ اپنی سیاسی جماعتوں سے وابستگی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ وہ بھی امداد اور شناخت کے مستحق ہیں۔انہوں نے تقریباً 1,300 مائیگرنٹ ، بشمول کشمیری پنڈتوں کی مشکلات کو اجاگر کیا۔
تاریگامی نے تسلیم کیا کہ نئی انتظامیہ کو اقتدار سنبھالے صرف چار ماہ ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجر برادری کے خدشات کو فوری طور پر دور کریں۔
انھوں نے کہا میں نئی انتظامیہ پر الزام نہیں لگا رہا، میں صرف وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور ان مائیگرنٹس کو مدد فراہم کریں جو اب بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
تاریگامی نے جموں و کشمیر اسمبلی میں مائیگرنٹوں کے لیے مساوی امداد کا مطالبہ کیا
