عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے کابینہ میں توسیع کی خبروں کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو کابینہ میں توسیع کرنے کا اختیار ہے اوروہ جب چاہیں گے اس میں توسیع کرسکتے ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ بہتر یہی ہوگا کہ اس قسم کی افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔
موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔کابینہ کی توسیع کے بارے میں انہوں نے کہایہ وزیر اعلیٰ کے اختیار میں ہے وہ جب چاہیں گے اس میں توسیع کریں گے، بہتر یہی ہوگا کہ اس طرح کی افواہیں نہ پھیلائی جائیں،کابینہ کی نشستیں خالی رہتی ہیں۔بزنس رولز کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھاکابینہ نے ایل جی کو فائل بھیجی ہے، مجھے لگتا ہے اس کو اب بغیر کسی تاخیر کے کلیئر کیا جانا چاہئے۔ صادق نے زور دے کر کہا کہ راجیہ سبھا اور جموں و کشمیر کی دو اسمبلی نشستوں کے ضمنی انتخابات بھی جلد سے جلد منعقد ہونے چاہئے۔
کانگریس کے ریاستی درجے کی بحالی کو لے کر احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہااس پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان کوئی دراڑ نہیں ہے، ریاستی درجے کی بحالی کے لئے سب سے پہلے نیشنل کانفرنس نے جد وجہد شروع کی، کانگریس نے جو اس مطالبے کو لے کر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ اس پارٹی کا اپنا فیصلہ ہے اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ کسی بھی سطح پر رابطہ نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھاجب نیشنل کانفرنس نے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد شروع کی تو ہم نے سب کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کیا، ہم چاہتے ہیں کہ ہر چیز ایک منظم طریقے سے انجام دی جائے۔