عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن ضلع میں پیڑا کے قریب ایک ایندھن کے ٹینکر کے ڈرائیور کی اس وقت موت واقع ہو گئی جب اس کے ٹینکر کا اگلا پہیہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
ایس ایچ او چندرکوٹ، پدم دیو سنگھ نے بتایا کہ ٹینکر کا اگلا پہیہ گرم تھا اور ڈرائیور نے ٹینکر کا ٹائر چیک کرنے کے لیے اسے کھڑا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور اور کنڈکٹر دونوں نے ٹائر بدلنا شروع کر دیا اور اچانک ایک دھماکے سے ٹائر پھٹ گیا جس سے ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
انہوں نے کہا، “ٹینکر کے پہیے کا لوہے کا رم ڈرائیور کے لیے جان لیوا ثابت ہوا”۔
پولیس نے متوفی کی شناخت ششی پال (عمر قریب 50) کے طور پر کی ہے، جو ہماچل پردیش کے نورور کانگڑا کا رہنے والا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ششی پال کی لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے بعد ہماچل پردیش بھیجا جا رہا ہے۔ رام بن ضلع کے پولیس تھانہ چندرکوٹ میں پولیس نے ایک کیس بھی درج کر لیا ہے۔