عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// سانبہ ضلع میں دو پولیس اہلکاروں – ایک معطل پولیس کانسٹیبل اور ایک سپیشل پولیس افسر (ایس پی او) – کو طویل عرصے تک اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی وجہ سے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ سانبہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بینم توش نے انکوائری افسران کی سفارشات پر معطل سلیکشن گریڈ کانسٹیبل جوگندر سنگھ اور ایس پی او بچن لال کی برطرفی کا حکم دیا۔
اُنہوں نے کہا، ”برطرفی کی سخت محکمانہ کارروائی اس وقت کی گئی ہے جب مجرم اہلکاروں نے ڈیوٹی دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں احکامات، حاضری کے نوٹسز اور ان پر جاری کردہ شوکاز نوٹسز پر دھیان نہیں دیا جو اخبارات میں بھی شائع ہوئے، سروسز میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی”۔
ترجمان نے کہا، ”اس کے علاوہ، انکوائری افسران نے قواعد کے تحت انکوائری کرنے کے بعد ان کے نتائج میں ان کو ہٹانے، برطرف کرنے کی بھی سفارش کی تھی”۔
انہوں نے کہا کہ معطل کانسٹیبل کو جموں و کشمیر سول سروس رولز کے دفعہ 128 کے تحت ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہے، کیونکہ وہ گزشتہ 10 ماہ سے غیر مجاز طور پر غیر حاضر تھا۔
ترجمان نے کہا کہ وہ غیر موجودگی کے دوران، وہ گزشتہ سال کٹھوعہ پولیس تھانہ میں تعزیرات ہند اور آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت درج ایک کیس میں بھی ملوث تھا ، وہ فائرنگ اور حملہ کے ایک معاملے میں بھی ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایس پی او کو انکوائری افسر کی سفارش پر غیر حاضر رہنے کی وجہ سے برطرف کر دیا گیا ہے، وہ گزشتہ سال چھ ماہ تک غیر حاضر رہا۔